پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے تاریخی معاہدہ

جمعہ 11 جولائی 2025 09:40

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی قیادت میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے وفد نے روس کے ساتھ ایک اہم پروٹوکول پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت کراچی میں واقع پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور جدید کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جمعہ کو وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ معاہدہ وزارتِ صنعت و پیداوار پاکستان کے سیکرٹر ی سیف انجم اور روس کی جانب سے وادیم ویلیچکو نے دستخط کئے ۔

معاہدے کے تحت پاکستان اسٹیل ملز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جو پاکستان کی صنعتی ترقی میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ 1971 میں سوویت تعاون سے قائم ہونے والی پاکستان اسٹیل ملز اب ایک بار پھر روس کے تعاون سے بحال کی جا رہی ہے، جو وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان اسٹیل ملز کی ترقی، صنعتی پیداوار میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے صنعتی وژن کے تحت ملک میں بند صنعتی یونٹس کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد قومی پیداوار میں اضافہ، برآمدات میں بہتری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید فروغ دے گا اور خطے میں پاکستان کے صنعتی مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔