پنجاب میں موٹر سائیکل لائسنس کے حصولِ کیلئے خصوصی مہم جاری

جمعہ 11 جولائی 2025 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) پنجاب میں موٹر سائیکل لائسنس کے حصولِ کےلئے خصوصی مہم جاری ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق رواں سال موٹر سائیکل لائسنس کے اجرا میں ریلیف سے 35 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوئے جبکہ رواں سال 14 لاکھ 81 ہزار سے زائد شہریوں نے موٹر سائیکل کے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ اسی طرح رواں سال 2 لاکھ 74 ہزار سے زائد شہریوں نے موٹر سائیکل کے ریگولر لائسنس کی تجدید کروائی اور 11 لاکھ سے زائد شہریوں نے موٹر سائیکل کے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 6 لاکھ 51 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس کی تجدید کروائی۔23 ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی پاکستانیوں نے موٹر سائیکل کے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بنوائے۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر لائسنس کے موٹرسائیکل سواروں کو شاہراہوں پر نہیں آنے دیں گے ۔ موٹر سائیکل کے لرننگ لائسنس پر42 دن کی مدت کو ختم کردیا گیا ہے۔پاکستان کا کوئی بھی شہری صرف اصل شناختی کارڈ کے ہمراہ پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے شہری خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹر اورآن لائن لائسنسنگ پورٹل سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں ۔