حریت کانفرنس کا 1931 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اتوار کو مکمل ہڑتال کا اعلان

جمعہ 11 جولائی 2025 17:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر 13جولائی اتوار کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری بیان میں کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ 1931 میں اس دن اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 22شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار شہداء نقشبند صاحب سرینگر کی طرف مارچ کریں۔

یہ افراد ان ہزاروں لوگوں میں شامل تھے جو عبدالقدیر نامی کشمیری کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پرسرینگر سینٹرل جیل کے باہر جمع ہوئے تھے جس نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکمرانی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا کہا تھا۔

(جاری ہے)

نماز ظہر کے وقت ایک کشمیری نوجوان نے جب اذان دینا شرو ع کی تو مہاراجہ کے فوجیوںنے اسے گولی مارکر شہید کر دیا۔اس کے بعد دوسراشخص اذان پوری کرنے کیلئے کھڑا ہوا تو اسے بھی شہید کردیا گیا۔

یوں اذان مکمل ہونے تک 22کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔کشمیریوں کی مزاحمتی تحریک میں ان شہدا کی عظیم قربانی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور ہر سال 13جولائی کو یوم شہداء کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے۔ تمام آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے ۔ادھربھارتی قابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو آج گھر میں نظر بند کر دیااور انہیں یوم شہداء کشمیر سے قبل سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ اداکرنے کی اجازت نہیں دی ۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرایک پوسٹ میں میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ قابض حکام نے انہیں نماز جمعہ کے خطبے میں13جولائی1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روکنے کیلئے گھر میں نظربند کردیاہے۔ انہوں نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف جولائی1931کے شہدا سے لیکر آج تک اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام کشمیری شہداکی قربانیاں کشمیریوں کی اجتماعی یادداشت میں نقش ہیں اورانہیں پابندیوں سے مٹایا نہیں کیاجاسکتا۔

میرواعظ نے قابض حکام پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اتوار کو مزار شہداء نقشبند صاحب جانے کی اجازت دیں۔دریں اثنا نئی دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے بھارتی پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کپواڑہ، جموں اور ڈوڈا اضلاع میں متعدد مقامات پر چھاپے مار ے ۔ چھاپوں کے دوران بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مکینوں کو ہراساں کیا اور خوف ودہشت پھیلانے کے علاوہ اہم دستاویزات اور موبائل فون اور لیپ ٹاپ ضبط کر لئے ۔ دوسری طرف بھارتی فوجیوں نے ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں آج دوسرے دن بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔