Live Updates

مرطوب ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ، 13 جولائی سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک میں داخل ہونے کا امکان

جمعہ 11 جولائی 2025 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں اور 13 جولائی سے ان میں شدت آنے کی توقع ہے جبکہ 13 جولائی کی (شام) سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ ان موسمی نظاموں کے زیر اثر کشمیر /گلگت بلتستان میں 11 تا 17 جولائی کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش اور چند مقامات پر موسلادھار/شدید موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 11 تا 17 جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ مزید برآں پنجاب/اسلام آباد میں بھی 11 تا 17 تک وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش اور پنجاب کے جنوبی اضلاع میں بھی 11 اور 13 تا 17 جولائی کے دوران بارش کا متوقع ہے۔

(جاری ہے)

الرٹ کے مطابق 11 اور 13 تا 16 جولائی کو بلوچستان کے شمال مشرقی و جنوبی اضلاع میں بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش جبکہ سندھ کے اضلاع تھرپارکر، میرپور خاص، کراچی سمیت دیگر علاقوں میں درمیانی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ممکنہ موسمی اثرات میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ 14 تا 17 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے باعث مری، گلیات، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

13 تا 17 جولائی کو شدید بارشوں سے اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی، جھکڑ، گرج چمک اور بارش سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا خطرہ ہے۔ مزید برآں 14 تا 17 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا امکان بھی ہے۔

کاشتکار حضرات موسمی حالات کے مطابق اپنے معمولات ترتیب دیں جبکہ مسافر اور سیاح حضرات سفر کے دوران احتیاط کریں، موسم کی معلومات حاصل کریں اور خطرناک مقامات سے گریز کریں۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو "الرٹ" رہنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات