وزیر پٹرولیم سے ازبک سفیر کی ملاقات ،پاکستان ازبکستان کے مابین تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کا اظہار

جمعہ 11 جولائی 2025 18:30

وزیر پٹرولیم سے ازبک سفیر کی ملاقات ،پاکستان ازبکستان کے مابین تیل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے ازبکستان کے سفیر الیشیر توختایف نے ملاقات کی جس میں پاکستان ازبکستان کے مابین تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔جاری اعلامیہ کے مطابق ازبک سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ازبکستان کے حالیہ کامیاب دورے کو سراہا۔

(جاری ہے)

علی پرویز ملک نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعاون کو اہمیت دیتے ہیں، وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پاکستان-ازبکستان انرجی ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز پیش کی۔ علی پرویز املک نے کہاکہ تیل و گیس کی تلاش میں جوائنٹ وینچرز، پاکستانیوں کے لیے تکنیکی تربیتی پروگرامز، اور مصنوعی ایندھن سمیت پولیمر میں مشترکہ مواقع تلاش کریں گے۔

ازبک سفیر نے کہاکہ آنے والے سالوں میں دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم رکھتے ہیں ، پاکستان کے ایکسپلوریشن سیکٹر میں ازبک کمپنیوں کو دعوت دیتے ہیں ۔ علی پرویز ملک نے کہاکہ تیل و گیس شعبے میں ازبک کمپنیوں کو مکمل سہولت فراہم کریں گے۔علی پرویز ملک نے کہاکہ پاکستانی کمپنیاں ازبکستان کے وسیع توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے آپشنز پر کام کرسکتی ہیں ۔