Live Updates

متروکہ وقف املاک بورڈ کی سالانہ آمدنی میں 92کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریکارڈاضافہ

جمعہ 11 جولائی 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) مالی سال 25-2024 کے دوران متروکہ وقف املاک بورڈ کی سالانہ آمدنی میں 92کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریکارڈاضافہ ہوا، پیوستہ مالی سال کی نسبت گزشتہ مالی سال جائیدادوں کے کرنٹ رینٹ ، لیز اوربقایا جات کی مد میں وصول ہونے والی انکم میں واضح اضافہ ہوا۔اقلیتی عبادت گاہوں کی تزئین آرائش ،بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کے لیے انتظامات پر خطیر رقم خرچ کی گئی ، متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق محکمہ کی آمدن میں 92 کروڑ 50لاکھ روپے کی تاریخ ساز آمدن کے ساتھ سالانہ آمد ن 5ارب 65کروڑ تک پہنچ گئی جو کہ مالی سال 24- 2023 میں 4ارب 72کروڑ تھی۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے تقابلی جائزہ کے مطابق 24-2023میں زر پٹہ کی مد میں 63کروڑ 32 لاکھ روپے وصول ہوئے جبکہ25-2024میں 69 کروڑ 58 لاکھ وصول ہوئے ۔

(جاری ہے)

زر پٹہ کے بقایا جات کی مد میں24-2023میں 17 کروڑ وصول ہوئے جبکہ 25-2024میں 18 کروڑ 53 لاکھ وصول ہوئے ۔ مالی سال 24-2023 میں نیلام کی جانے والی ٹرسٹ جائیدادوں سے ناقابل واپسی زر ضمانت کی مد میں 26 کروڑ 34 لاکھ روپے وصول ہوئے جبکہ 25-2024 میں 32 کروڑ 18 لاکھ روپے وصول ہوئے ۔

ٹرسٹ جائیدادو ں کے موجود ہ کرایہ کی مد میں ایک ارب 73 کروڑ روپے گزشتہ مالی سال 24-2023 میں وصولی ہوئی ،موجودہ مالی سال 25-2024میں 2 ارب 32 کروڑ روپے کی وصولی کے ساتھ 59کروڑ روپے اضافہ ہوا ہے- تا ہم 24-2023 میں کرایہ کے بقایا جات مد میں2 4کروڑ 85 لاکھ روپے وصول ہوئے جبکہ موجودہ سال25-2024میں7 3کروڑ29 لاکھ وصول ہوئے جو کہ گزشتہ سال کی آمدن کی نسبت5کروڑ 55 لاکھ روپے کمی آئی۔

مالی سال 25-2024 میں محکمہ نے فیسٹول شرائنز ،بیرون ملک سے آنے والے ہندو ،سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی ، مندر گورو دواروں کی تزئین آرائش اور بحالی پر1ارب13 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ یاتریوں کی سہولیات کے لیے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں 100 کمروں پر مشتمل رہائشی کمپلیکس ،کٹاس راج مندر میں رہائشی منصوبہ ،گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں کمروں کی تعمیر ،گورو دوارہ پنجہ صاحب میں تعمیری اور تزئین آرائش کے منصوبہ جات پر اخراجات ہوئے ۔

جبکہ موجودہ بجٹ 25-2026 میں شرائنز اور فیسٹولز اور مندر و گورو دواروں کی تزئین و آرائش کی میں مد 99کروڑ 13 لاکھ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہیں۔گزشتہ سال یاتریوں کی چار گنا سے زائد تعداد نے پاکستان یاترا کی اور مذہبی سیاحت کو فروغ ملا ۔ملازمین کی تنخواہوں ،ریٹائرمنٹ ،پینشن پر 2 ارب 5 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ۔ موجودہ بجٹ 26-2025 میں 2 ارب 38 کروڑ 40 لاکھ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔

گزشہ سال 2024-25 میں 88لاکھ 81 ہزار روپے کی رقم (قابل واپسی) ملازمین کو دی گئی ۔ آئندہ مالی سال 26-2025 میں چیئرمین بورڈ نے ایڈوانسز کی مد میں خصوصی طور پر 22 کروڑ 50 لاکھ روپے کی رقم مختص کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔محکمہ کی اسکیم میں تبدیلی کے بعد جائیدادوں کو مزید محفوظ اور منافع بخش بنانے کے لیے ڈویلپمنٹ کے لیے پیش کیا گیا تاہم زیادہ تر پراجیکٹس کے کیسز بورڈ کی تشکیل نہ ہونے کی وجہ سے زیر التوا ہیں ۔

ملک میں زرعی اجناس کی کم پیدا وار کی وجہ سے محکمہ کے پٹہ داران نے زرعی اراضی کی لیز میں دلچسپی نہ لی جسکی وجہ سے لیز کی آمدن میں کمی آئی ۔ سیکرٹر ی بورڈ فرید اقبال کا کہنا ہے کہ محکمہ کے سالانہ بجٹ کے اہداف کے حصول کیلئے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لایا گیا تاہم گزشتہ مالی سال کی نسبت موجودہ مالی سال میں مجموعی طور پر محکمہ کی انکم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطا الرحمن کے احکامات کے مطابق محکمہ نے وقف املاک کے تحفظ کو قومی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے احسن اقدامات کیے ہیں ۔اس قومی مقصد کے حصول کے لیے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے بھرپور انتظامی قیادت فراہم کی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات