بھارت نے سامنے سے حملہ کیا تو اٴْسے شکست ہوئی اب چھپ کر وار کر رہا ہے، طلال چوہدری

بلوچستان میں بہت بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ختم کیا ہے، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے بھارت کی پراکسیز کے طور پر استعمال ہوتی ہیں، گفتگو

جمعہ 11 جولائی 2025 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مسلسل کہہ رہا ہے کہ آپریشن سندور ابھی چل رہا ہے، بھارت نے سامنے سے حملہ کیا تو اسے شکست ہوئی اب چھپ کر وار کر رہا ہے۔پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ بھارت اب پراکسیز کے ذریعے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت خواتین اور بچوں کو ٹارگٹ کر کے بزدلانہ کارروائیاں کر رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں دہشت گردی بھارت کے آپریشن سندور کا تسلسل ہے، جیسے آپریشن سندور سے نمٹا، ان پراکسیز سے بھی ایسے ہی نمٹیں گے، کور کمانڈرز کانفرنس اور وزیرِ اعظم نے واضح فیصلہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی نہیں رہے گی۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی قیادت کو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، افواجِ پاکستان جان دے رہی ہیں لیکن سیاسی بیانیے میں کمی نظر آ رہی ہے، ساری جماعتیں ایک بیانیے پر اکٹھی ہو جائیں تو جلد یہ جنگ جیت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی نیا آپریشن نہیں کرنے جا رہے، صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، معلومات کی بنیاد پر چھوٹے موٹے آپریشن ہوتے ہیں۔طلال چوہدری نے کہاکہ بلوچستان میں بہت بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ختم کیا ہے، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے بھارت کی پراکسیز کے طور پر استعمال ہوتی ہیں، دونوں دہشت گردوں کی پراکسیز کے ٹھکانے ہمسایہ ملک میں ہیں، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔