وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے ازبک سفیر علی شیر توختائف کی ملاقات

ہفتہ 12 جولائی 2025 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سے جمعہ کو ازبکستان کے سفیر علی شیر توختائف نے ملاقات کی اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔ دونوں اطراف نے تیل اور گیس کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ سفیر علی شیر توختائف نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ازبکستان کے حالیہ کامیاب دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے راستے ہموار ہوئے ہیں۔

انہوں نے آنے والے برسوں میں باہمی تجارت کو 2 ارب ڈالر تک لے جانے کے ازبکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور توانائی کے شعبے کو مشترکہ ترقی کا اہم میدان قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مشترکہ ایکسپلوریشن منصوبوں، پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے ازبکستان میں تکنیکی تربیتی پروگرامز، اور مصنوعی ایندھن اور پولیمر کی پیداوار میں مشترکہ تحقیق کے مواقع کو بھی اجاگر کیا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پاکستان-ازبکستان انرجی ورکنگ گروپ کے قیام کا مشورہ دیا تاکہ موجودہ دوطرفہ میکانزم کو تقویت ملے اور تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعاون کو وسعت دینے پر مسلسل زور دیا ہے۔ انہوں نے ازبک کمپنیوں کو پاکستان کے ایکسپلوریشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ تیل و گیس کے شعبے میں مواقع تلاش کرنے والی ازبک کمپنیوں کو مکمل تعاون حاصل ہوگا۔

وزیر علی پرویز ملک نے کہاکہ"پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سیاسی ہم آہنگی کو ٹھوس شراکت داری میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سفیر کی دونوں ممالک کی قیادت کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے میں فعال کردار کی تعریف کی اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ منصوبوں، علم کے تبادلے اور دیگر اقدامات کو آسان بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں بھی ازبکستان کے وسیع تیل و گیس کے شعبے میں مواقع تلاش کر سکتی ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں اطراف نے عملی تعاون کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ توانائی شراکت داری دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔