پاکستان عروج پاتی اربوں ڈالر کی آرگینک خوراک ،مصنوعات کی مارکیٹ میں اپنا شیئر حاصل کر سکتا ہے ‘ نجم مزاری

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ2024اور 2025میں عالمی سطح پر آرگینک خوراک اور مصنوعات نے نیا عروج حاصل کیا ہے ،2024 میں اس کی مارکیٹ کاحجم 230بلین ڈالر تھا جو صرف ایک سال میں286بلین ڈالر تک پہنچ گیا ،جنگ کی حالت میں ہونے کے باوجود یوکرین نے 2022 میں 245,600 میٹرک ٹن آرگینک مکئی، گند اور سویا بین 36ممالک کو برآمد کی ہے ،حکومت سے اپیل ہے کہ ہماری گزارشات کو سنا جائے اور آرگینک خوراک اور مصنوعات کو برآمدی تناظر میں دیکھا جائے ۔

اپنے بیان میں نجم مزاری نے کہا کہ یورپ کے بہت سے ممالک آرگینک خوراک اور مصنوعات کے بڑے خریدار ہیں جو پہلے ہی پاکستان سے مختلف مصنوعات کی برآمد ات کر رہے ہیں ،پاکستان کو صرف معیاری پیداوار کے ساتھ لیبلنگ اور سرٹیفکیشن پر توجہ مرکوز کرنی ہے جس کے لئے حکومتی اداروں کی معاونت درکار ہے جبکہ آغاز میں حکومت اس کے لئے سبسڈی بھی فراہم کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین ،امریکہ اور جرمنی سمیت دیگر ممالک سے بہترین تعلقات ہیں اور پاکستان کو آرگینک خوراک اور مصنوعات کی پیداوار بڑھانے اور اس کی برآمدات میں اضافے کے لئے ان ممالک سے نہ صر ف رہنمائی لینی چاہیے بلکہ تربیت کے لئے جوائنٹ ونچر بھی کیا جا سکتا ہے جس کا پاکستان کو معاشی طور پر بے پناہ فائدہ حاصل ہوگا۔ ہماری نوجوان نسل زراعت سے دور ہو رہی ہے آرگینک خوراک کو جدت کے ساتھ فروغ دے کرانہیں بھی اس جانب راغب کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق 2030-34کے درمیان آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مارکیٹ کا حجم600بلین ڈالر سے ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ ہے اور پاکستان پیشرفت کر کے اس مارکیٹ میں اپنا بڑا شیئر حاصل کر سکتا ہے ۔