پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبہ بھر سے شعبہ اطلاعات سے منسلک عہدیداروں کا مشترکہ اجلاس

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبہ بھر سے شعبہ اطلاعات سے منسلک عہدیداروں کا مشترکہ اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، جنرل سیکرٹری شجاع خانزادہ المعروف شازی خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد خان آفریدی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات گوہر انقلابی، ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ آصف اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کا مشکور ہوں وہ صوبہ بھر کے اطلاعات سے وابسطہ ممبران سے ملاقات کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب میڈیا ڈیجیٹل ہوگیا ہے اور اطلاعات کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے، صوبہ میں کرپشن کی داستانیں رقم ہورہی ہیں ، کوہستان میں اربوں کا سیکنڈل آیا ،کسی اور صوبہ میں ایسا ہوتا تو حکومت کو دن میں تارے دکھا دئیے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے شعبہ اطلاعات کو مثبت سوچ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، ہمیں مثبت جامع معلومات ملنی چاہیئں، خیبرپختونخوا میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیئے اپوزیشن کے پاس بہت مواد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی ، ہفتہ میں دو روز پریس کانفرنس کے لیئے مختص کیئے جائیں ، گورنر ہاؤس پارٹی کی امانت ہے اسکے دروازے آپکے لیئے کھلے ہیں۔ کارکنوں نے اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔