بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کو آپریٹ کررہا ہے ‘ اختر اقبال ڈار

کب تک ناحق بے گناہ معصوم پنجا بیوں بلوچیوں کا خون بہے گا، عوامی نمائندوں ،سکیورٹی اداروں کو حکمت عملی بنانا ہوگی وسائل کارخ بلوچستان کی طرف ،مستند بلوچی سیاسی قیادت ،نوجوانوں کو اختیارات دئیے جائیں‘ چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے ہاتھوں 9افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کب تک ناحق بے گناہ معصوم پنجا بیوں بلوچیوں کا خون بہے گا، اس کی روک تھام کیلئے عوامی نمائندوں اورسکیورٹی کے اداروں کو مل بیٹھ کر حکمت عملی بنانا ہوگی اور مسائل کے حل کیلئے واضح لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے وسائل کے تمام رخ بلوچستان کی طرف موڑنا ہوں گے اور مستند بلوچی سیاسی قیادت اوروہاں کے نوجوانوں کو اختیارات دینے ہوں گے ،ماضی میں اربوں روپے کے فنڈ کھا جانے والے بلوچ رہنمائوں سے فاصلہ اختیار کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے بیرونی دشمنوں کی حمایت سے بلوچستان کو توڑنے کی تمام سازشیں ناکام رہیں گی اور پاکستان انشا اللہ ہمیشہ ہمیشہ قائم ودائم رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کو آپریٹ کررہا ہے ،پہلے بھی بلوچستان سے کلبھوشن یادیو کو پکڑا گیا تھا اور اس وقت بھی بلوچستان میں بھارتی جاسوس بلوچی نوجوانوں کو ورغلا کر دہشتگردی کی وارداتیں کروارہے ہیں ،عالمی اداروں اورسلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ بھارت کی پاکستان میں مداخلت اوردہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث ہونے پر نوٹس لیں ،بھارت کی دہشتگردانہ حرکتوں کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے ،پاکستان ہمیشہ امن کا داعی ہے جبکہ بھارت کی موجودہ قیادت فتنہ فساد اور قتل وغارت کرکے خطے میں امن کو تباہ کررہی ہے۔