بھارتی جیل میں نظربند حریت پسند محمد شفیق بٹ کی والدہ سرینگرمیں انتقال کر گئیں

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی جیل میں نظربند معروف کشمیری حریت پسند محمد شفیق بٹ کی والدہ گزشتہ روز بٹہ مالو سرینگرمیں انتقال کر گئیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد شفیق بٹ مسلم لیگ جموں وکشمیر سے وابستہ ہیں اورگزشتہ کئی سال سے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔

وہ اسوقت بھارتی ریاست اترپردیش کی آگرہ سینٹرل جیل میں جبکہ مرحومہ کا پوتا بھی جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے محمد شفیق بٹ کی والدہ کے انتقال پر دکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیاہے۔ انہوں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ہم غم کی اس گھڑی میں برادرم شفیق صاحب کے ساتھ اظہار یکجہتی کر تے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی قیدی محمد شفیق بٹ کورہا کرے تاکہ وہ اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کرسکیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے بھی محمد شفیق بٹ کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے مرحومہ کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔