امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان شمالی کوریا کے خلاف اتحاد بنانے سے باز رہیں، روس

اتوار 13 جولائی 2025 10:40

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان کو شمالی کوریا کو نشانہ بنانے کے لیے سکیورٹی پارٹنرشپ بنانے کے خلاف خبردار کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے سنیچر کو شمالی کوریا کے مشرقی ونسن شہر میں بات چیت کی۔

انہوں نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران کم جونگ اُن نے اپنی حکومت کے یوکرین کے ساتھ تنازع میں روس کی طرف سے اُٹھائے گئے تمام اقدامات کی ’غیر مشروط حمایت اور حوصلہ افزائی‘ کے عزم کا اعادہ کیا۔شمالی کوریا کی سرکاری کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ پیانگ یانگ اور ماسکو ’تمام سٹریٹجک معاملات پر اتحاد کی سطح پر ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بین الاقوامی معاملات میں ’سٹریٹجک اور حکمت عملی کے تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور ٹھوس کارروائی کو تیز کرنے‘ پر زور دیا۔روس اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات حالیہ برسوں میں پروان چڑھ رہے ہیں، شمالی کوریا فوجی اور اقتصادی تعاون کے بدلے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ میں مدد کے لیے فوج اور گولہ بارود فراہم کرتا ہے۔اس سے جنوبی کوریا، امریکا اور دیگر کے خدشات بڑھ گئے ہیں کہ روس شمالی کوریا کو حساس ٹیکنالوجیز بھی منتقل کر سکتا ہے جس سے اس کے جوہری اور میزائل پروگراموں کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔