ضلع مانسہرہ میں جاری چائنیز پراجیکٹ سائٹس پر مشترکہ سیکیورٹی موک ایکسرسائز کا انعقاد

اتوار 13 جولائی 2025 13:20

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) بالاکوٹ ڈویژن میں جاری چائنیز پراجیکٹس کی سائٹس پر موک ریہرسل (فرضی مشق) کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق کا مقصد چائنیز شہریوں کی سکیورٹی کو مؤثر بنانے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹنے کی تیاری کو جانچنا تھا۔مشق میں مانسہرہ پولیس، پاک فوج، اسپیشل سکیورٹی یونٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف سکیورٹی مراحل، رسپانس ٹیکنیکس، اور کوآرڈینیشن پروٹوکولز کو عملی طور پر نافذ کیا گیا، جس میں ہر ادارے نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس موقع پر کہا کہ ضلع مانسہرہ میں جاری پاور پراجیکٹس نہ صرف پاکستان کی ترقی بلکہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ان کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن میں رہتے ہوئے جدید حکمت عملی اپناتے ہوئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنا رہے ہیں۔