وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان برطانیہ کے سرکاری دورے پر روانہ

اتوار 13 جولائی 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان برطانیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، دورہ کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔ وزارت تجارت کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق اپنے دورہ کے دوران وزیر تجارت پاک-برطانیہ تجارتی مذاکرات کے ٹی او آرز پر دستخط کے ساتھ ساتھ آل پارٹیز پارلیمانی گروپ سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں وہ لندن اور برمنگھم میں چیمبرز آف کامرس سے تجارتی روابط پر گفتگو بھی کریں گے۔ اسی طرح وزیر تجارت اپنے دورہ برطانیہ کے دوران برطانیہ کی بڑی ملٹی ملین ڈالر کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں فوڈ، آئی ٹی، انجینئرنگ اور فِن ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مزید برآں پاکستان۔برطانیہ بزنس کونسلز سے ملاقاتوں میں ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ واضح رہے کہ وزیر تجارت کے دورے کا مقصد برآمدات کا فروغ اور عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو مزید موثر بنانا ہے۔