ملک کے 7 بڑے شہروں میں این آئی آر سی کورٹس وڈیو لنک سے منسلک، عدالتی اخراجات میں نمایاں کمی

Shahid Nazir Ch شاہد نذیر چودھری پیر 14 جولائی 2025 11:31

ملک کے 7 بڑے شہروں میں این آئی آر سی کورٹس وڈیو لنک سے منسلک، عدالتی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جولائی 2025) صنعتی تنازعات کے حل کے لیے قائم نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (NIRC) کی عدالتوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ملک کے سات بڑے شہروں میں وڈیو لنک کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام چیئرمین این آئی آر سی جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے۔وڈیو لنک سسٹم کی تنصیب کے بعد اب سائلین، وکلا اور ججز کو دیگر شہروں کے غیر ضروری سفر سے نجات مل گئی ہے، جس سے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت ہو رہی ہے بلکہ قومی خزانے پر پڑنے والا بوجھ بھی نمایاں حد تک کم ہوا ہے۔

عدالتوں میں ججز کے سفری اخراجات (TADA) کی مد میں سالانہ لاکھوں روپے کے اخراجات اب بچائے جا رہے ہیں۔قبل ازیں، مقدمات کی پیروی کے لیے ججز، وکلا اور سائلین کو ایک شہر سے دوسرے شہر جانا پڑتا تھا، جس سے ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر ضمنی اخراجات میں اضافہ ہو رہا تھا۔

(جاری ہے)

اب اس جدید نظام کے ذریعے تمام فریقین اپنے اپنے شہروں سے ہی مقدمات میں شرکت کر سکتے ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی کی عدالتوں کو وڈیو لنک سے منسلک کیا گیا، جب کہ دوسرے مرحلے میں سکھر، ملتان، کوئٹہ اور پشاور کو بھی اس سہولت میں شامل کر لیا گیا ہے۔نئے سسٹم کے تحت وکلا این آئی آر سی کے کسی بھی بینچ آفس سے ملک کے دیگر شہروں میں زیرِ سماعت مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دے سکتے ہیں۔ اس اقدام کو عدالتی امور میں ڈیجیٹل ریفارمز کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے انصاف کی فوری اور کم خرچ فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ماہرین قانون کے مطابق یہ جدید طریقہ کار نہ صرف عدالتی نظام کو مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہو گا بلکہ قانون تک رسائی کے عمل کو بھی سہل بنائے گا۔