دبئی میں چوری کے الزام میں گرفتار سوشل میڈیا سٹار کی ضمانت پر رہائی

بگ باس کے 16 ویں سیزن کے امیدوار معروف تاجک سٹار عبدو روزق کو ہفتے کے روز دبئی ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 جولائی 2025 11:57

دبئی میں چوری کے الزام میں گرفتار سوشل میڈیا سٹار کی ضمانت پر رہائی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جولائی 2025ء ) تاجکستان سے تعلق رکھنے والے چھوٹے قد کے نامور گلوکار اور سوشل میڈیا سٹار عبدو روزق کو دبئی ائیرپورٹ پر گرفتار کیے جانے کے بعد مشروط طور پر ضمانت پر رہائی مل گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے 16 ویں سیزن کے امیدوار مقبول تاجک سٹار عبدو روزق کو ہفتے کی صبح یورپی ملک مونٹی نیگرو سے واپسی پر دبئی ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا، وہ جیسے ہی بیرون ملک سے دبئی پہنچے تو انہیں ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا، ان کی گرفتاری ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بجے عمل میں لائی گئی۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ عبدو روزق کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی اور دبئی حکام کی جانب سے بھی اس بارے کوئی بیان جاری نہیں ہوا اور اب ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عبدو روزق کو سفری پابندی کی شرط کے ساتھ ضمانت پر رہا کیا گیا ہے، تاہم اس خبر کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی جب کہ دبئی میں ہفتے کے روز ہونے والی گرفتاری سے کچھ عرصہ قبل عبد الرازق سے بھارت میں بھی منی لانڈرنگ سے متعلق الزامات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تاجکستان سے تعلق رکھنے والے گلوکار اور سوشل میڈیا سٹار عبدو روزق کی عمر 21 برس ہے، ان کا قد صرف 100 سینٹی میٹر ہے جس کی وجہ سے انہیں دنیا کا سب سے چھوٹے قد کا گلوکار بھی کہا جاتا ہے، عبدو روزق نے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے 16 ویں سیزن میں بھی حصہ لیا تھا جس کے باعث وہ بھارت سمیت پاکستان میں بھی مقبول ہوئے، جس کے بعد سے وہ سوشل میڈیا خاص کر ٹک ٹاک پر بھی خاصے مشہور ہیں، عبدو روزق گزشتہ کچھ سالوں سے دبئی میں مقیم ہیں اور ان کے پاس دبئی کا گولڈن ویزہ ہے۔