Live Updates

لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب آگئے

مختلف حادثات و اقعات میں بچوں سمیت کم ازکم14افراد جاںبحق اور درجنوں زخمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 جولائی 2025 16:02

لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب آگئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جولائی ۔2025 )لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے نظام زندگی بھی مفوج ہو گئی ہے،مختلف حادثات و اقعات میں بچوں سمیت کم ازکم14افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے. محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سپیل 17 جولائی تک برقرار رہے گا، لاہور میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش برسنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث حبس کی شدت میں کمی آئی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہےلاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک، ماڈل ٹاﺅن، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ ، جیل روڈ اور فیروز روڈ، شمالی لاہور میں بارش سے ئی فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی.

فیصل آباد شہر اور گردونواح میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صرف گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے بلکہ موسم بھی خوشگوار ہو گیا ہے ڈیرہ غازی خان، کمالیہ، کوہلو میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، گلی محلوں میں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے گزشتہ رات سے ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا کمالیہ میں موسلادھار بارش سے کچہری، اسسٹنٹ کمشنر آفس، اقبال بازار سمیت متعدد سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہے جبکہ متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، ماموں کانجن روڑ کے اطراف سیوریج لائن بری طرح متاثر ہے.

گجرات، حافظ آباد، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوہلو شہر میں بھی تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ادھر مغربی جانب کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے برساتی نالے بھی تونسہ کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں، تونسہ کے مشرقی علاقے میں 20 سے زائد کچی بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں جبکہ لوگ خوف زدہ ہیں اور کئی خاندان محفوظ مقام کی تلاش میں نکل پڑے ہیں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انتظامات مکمل ہیں لیکن لوگ باہر باہر آنے کے لیے آمادہ نہیں ہیں، پانی نے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ کاٹ دیا اور لوگ اپنے مال مویشی سمیت خطرے میں گھرے ہوئے ہیں.

اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، صحبت پور میں تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے گرڈ اسٹیشن کا مین ٹرانسمیشن لائن ٹاور گر گیا، بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

(جاری ہے)

منچن آباد میں بارش کے باعث مدر سے کی چھت گرنے سے 2 طالبعلم جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے حکام کے مطابق منچن آباد میں رشید کوٹ پاک پتن روڈ پر قائم مدرسہ کی چھت گرگئی چھت گرنے سے زیر تعلیم طلبا ملبہ تلے دب گئے ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر طلبا کو نکالا.

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے ایک طالب علم سلمان کا تعلق شیخوپورہ سے ہے جبکہ دوسرے کی شناخت ہونا باقی ہے، زخمی طلبا کو سول اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 8 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے. ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کے مطابق خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں، آسمانی بجلی اور دیگر واقعات میں 8 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور فلیش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، بارش کے باعث حادثات خیبر، مالاکنڈ، کوہاٹ، باجوڑ اور لکی مروت میں پیش آئے.

پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع خیبر میں آسمانی بجلی گرنے اور بارشوں کے بعد آبی ریلے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے اور ایک بچے کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا ترجمان کے مطابق مالاکنڈ میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 بچے جاں بحق ہوگئے، کوہاٹ اور ہری پور میں چھت اور دیوار گرنے سے ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے رپورٹ کے مطابق لکی مروت میں بارش کے پانی میں نہانے والے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے.

کے پی کے میں ٹانک کے پہاڑوں پر بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، سیلابی ریلا ٹانک میں داخل ہو گیا، متعدد گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا، ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے، سیلابی ریلے کے باعث جنوبی وزیرستان شاہراہ بند ہو گئی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ چترال، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، تورغر، بٹگرام اور دیگر بالائی اضلاع میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے.

سندھ میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا تاہم عمرکوٹ، مٹھی، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش کی توقع ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران سندھ کے کئی شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں مسلسل سندھ کے بیشتر حصوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے تحت اگلے 3 روز میں جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، قمبرشہدادکوٹ، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بارش کاامکان ہے اس کے علاوہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین، جامشورو اور کراچی میں کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے.

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہے گا جس دوران شہر کادرجہ حرارت 33سے 35ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے آندھی اور موسلادھار بارش سے سیلابی ریلے کے باعث لکی مروت سے پنجاب جانے والازمینی رابطہ منقطع ہوگیا ضلع لکی میں گزشتہ رات شدید آندھی اور بارش سے ضلع کے مختلف علاقوں میں سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئی ہیں اور انہیں شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ نکاس اب نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ روڈوں پر پانی کھڑے ہیں موسلادھار بارش سے درہ تنگ روڈ پر سیلابی ریلے اور پل کو پانی میں بہنے کے باعث لکی مروت سے پنجاب جانے والی زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے روڈ بندش سے پنجاب اور اسلام باد جانے اور جانے والے مسافر رستے میں پھنس گئے اور دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گی ہیں گاڑیاں پانی میں پھنس گئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے آندھی اور بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور ابھی تک شہر سمیت بیشتر علاقوں کی بجلی بحال نہ ہوسکی.

ڈپٹی کمشنر لکی مروت زیشان عبداللہ نے لکی درہ تنگ روڈ بحالی کیلئے لکی مروت نے رستے کو عارضی کھولنے کیلئے مشنیری روانہ کردی ہیں اور روڈ کی بحالی پر کام شروع کردیاتاہم ابھی تک روڈ بڑی گاڑیوں کےلیے بند ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ روڈ کی بحالی میں مصروف ہے.
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات