Live Updates

شیخ وقاص اکرم کے عالیہ حمزہ کو کیے گئے مبینہ آڈیو میسجز لیک

ایک پیغام میں چیف آرگنائزر پنجاب کو لاہور کے ایونٹ میں شرکت سے منع کیا گیا بعد ازاں پوری آڈیو چیٹ لیک ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 جولائی 2025 13:15

شیخ وقاص اکرم کے عالیہ حمزہ کو کیے گئے مبینہ آڈیو میسجز لیک
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے پارٹی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کو کیے گئے مبینہ آڈیو میسجز لیک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور میں سابق سینیٹر مرزا آفریدی کے فارم ہاؤس پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں تحریک انصاف کی دیگر لیڈر شپ اور اراکین پارلیمنٹ نے شرک کی، پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہونے والے اس ایونٹ میں حیران کن طور پر پارٹی کی صوبائی چیف آرگنائزر کو نہ دیکھ کر جب میڈیا نے اس بارے میں سوال کیا تو جواب ملا کہ عالیہ حمزہ کی بعض ذاتی مصروفیات تھیں جن کے باعث وہ اس ایونٹ میں شریک نہ ہوسکیں۔

اس پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ویسے تو مجھ تک پہنچنے والی کچھ اطلاعات کے مطابق میں پچھلے 2 دن سے بہت مصروف تھی، ایسی مصروفیات جن کا شاید مجھے بھی علم نہیں تھا، کیا کوئی روشنی ڈالے گا؟ 5 اگست کے مقابلے میں 90 دن کاپلان کہاں سے آیا ہے؟ عمران خان کی رہائی کے لیے کس لائحہ عمل کا کل یا آج اعلان ہوا ہے؟ تحریک کہاں سے اور کیسے چلے گی؟ اگر آپ میں سے کسی کی نظر سے گزرا ہو تو میری بھی رہنمائی کر دیں، فوکس اور نشانہ صرف عمران خان کی رہائی اور نعرہ صرف ایک ہی ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اس حوالے سے تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی ایک آڈیو لیک ہوئی جس میں شیخ وقاص اکرم نے باقاعدہ منع کیا کہ عالیہ حمزہ لاہور میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت نہ کریں کیوں کہ یہ صرف پارلیمنٹیرینز کے لیے بلایا گیا اجلاس ہے، جس میں انتظامیہ نے اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ کسی اور شخص کو شرکت کی دعوت نہیں دی۔
تاہم اس ایک پیغام کے سامنے آنے کے بعد شیخ وقاص اکرم کی مبینہ آڈیو چیٹ لیک ہوئی جس میں انہیں غصے کا اظہار کرتے ہوئے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ’ میرا میسیج آپ نے سیاق وسباق کے بغیر میڈیا کو جاری کردیا، آپ کس قسم کی خاتون ہیں کہ آپ کو جو بات کہی جائے آپ وہ آگے میڈیا کو فیڈ کردیں، کیا آپ لوگ اتنے میڈیا ہنگری ہیں کہ آپ کو جو پیغامات بھیجے جائیں آپ وہ میڈیا کو لیک کردیں؟‘۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات