خیبرپختونخوا حکومت کام کے بجائے احتجاج میں وقت ضائع کررہی ہے، گیلپ کا عوامی سروے

پیر 14 جولائی 2025 17:28

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔ گیلپ کی جانب سے کیے گئے رائے عامہ کے جائزے میں 58 فیصد عوام نے کہا کہ ان کی رائے میں صوبائی حکومت کے ترقیاتی فنڈز میں کرپشن کی جارہی ہے، اسی سے جڑے ایک سوال کے جواب میں 40 فیصد شہریوں نے پنجاب کے مقابلے میں خیبرپختونخوا میں زیادہ کرپشن کا دعویٰ بھی کیا۔

سروے کے مطابق 73 فیصد شہریوں کی رائے میں سرکاری نوکریاں میرٹ پر نہیں ملتیں، جب کہ 59 فیصد نے بے روزگاری میں اضافے کی نشاندہی کی۔60 فیصد شہریوں نے رائے دی کہ خیبرپختونخوا حکومت کام کے بجائے احتجاج میں وقت ضائع کر رہی ہے، 73 فیصد شہریوں نے صوبے میں سفارشی کلچر پروان چڑھنے کی شکایت کی، جب کہ 66 فیصد ووٹرز نے منتخب نمائندوں سے وعدہ خلافی کا شکوہ کیا۔

(جاری ہے)

گیلپ سروے کے دوران 58 فیصد رائے دھندگان نے خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورت حال پراطمینان کااظہار کیا۔سروے میں عوام کی اکثریت نے موجودہ گنڈاپور حکومت کے مقابلے میں ماضی کی محمود خان اور پرویز خٹک کی پی ٹی آئی حکومتوں کی کارکردگی کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتر قرار دیا۔گیلپ رپورٹ اپریل سے جون کے دوران تیار کی گئی، جس میں 3 ہزار افراد سے انٹرویوز کیے گئے تھے۔