پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزرگروپ کے عراق نہیں جاسکیں گے، وفاقی وزیر داخلہ

پیر 14 جولائی 2025 19:55

پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزرگروپ کے عراق نہیں جاسکیں گے، وفاقی وزیر ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئندہ سال جنوری سے پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزرگروپ کے عراق نہیں جاسکیں گے، اور ان گروپس کو پابند کیا جائیگا کہ جو بھی لوگ ان کے ساتھ جائیں گے، ان سب کو واپس لانا لازمی ہوگا۔سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تہران میں سہ ملکی کانفرنس خوش آئند ہے، عراق اور ایران جانے والے زائرین اہم ترین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جنوری سے پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزرگروپ کے عراق نہیں جاسکیں گے، اور ان گروپس کو پابند کیا جائے گا کہ جو بھی لوگ ان کے ساتھ جائیں گے، ان سب کو واپس لانا لازمی ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم لوگوں کو رجسٹر کریں گے اور وہی لوگ لوگ گروپس کی صورت میں عراق جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی فرد انفرادی طور پر نہیں جا سکے گا، سوائے ان کے جنہیں سفارتخانہ خود خصوصی ویزا جاری کرے گالیکن زیادہ تر پاکستانیوں کو گروپس کے ساتھ ہی جانا ہوگا، تاکہ ہم اس غیر قانونی مسئلے کو روک سکیں جس کا عراق کو سامنا ہے یعنی وہ لوگ جو وہاں اپنی مدتِ قیام سے زیادہ عرصہ قیام پذیر ہو جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگ وہاں جا کر غیر قانونی طور پر کام شروع کر دیتے ہیں، ہمیں یہ سلسلہ بند کرنا ہوگا اور میں مکمل طور پر ان تمام لوگوں کے خلاف ہوں جو وہاں غیر قانونی طور پر قیام پذیر ہیں، لہٰذا ہمیں ایران اور عراق کی مدد درکار ہوگی تاکہ ہم اس فیصلے کو یکم جنوری 2026 سے نافذ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایران اور عراق کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ وہ جس طرح لاکھوں زائرین کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، یہ کوئی آسان کام نہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی کھلی مذمت کی، پاکستان نے ایران کی حمایت میں ہر فورم پر آواز اٹھائی، آیت اللہ خامنہ ای، اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر، نے جس طرح قیادت کی اور جس طرح وہ کھڑے رہے، ہم انہیں اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔