سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اسکینڈل میں بری

Zohaib Mansha ذوہیب منشاء پیر 14 جولائی 2025 19:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جولائی 2025ء)وفاقی انسداد بدعنوانی کی خصوصی عدالت کی جج ڈاکٹر شبانہ وحید نے سابق وزیرِاعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی اور اُس وقت کے وزیرِاعظم کے ڈپٹی سیکریٹری محمد زبیر احمد کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) سبسڈی اسکینڈل کے 9 مقدمات میں بری کر دیا ہے۔ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے اُس وقت کے سی ای او TDAP طارق اقبال پوری پر اثرانداز ہو کر جعلی یا شیل کمپنیوں کو اربوں روپے کی سبسڈی دلوانے میں کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر شبانہ وحید اس سے قبل بھی یوسف رضا گیلانی، محمد زبیر احمد اور مبینہ فرنٹ مین فیصل صدیق خان کو TDAP سبسڈی اسکینڈل سے متعلق 3 مقدمات میں بری کر چکی ہیں۔ یہ مقدمات 2013 میں ایف آئی اے کرائم سرکل کراچی نے درج کیے تھے۔

(جاری ہے)

تمام ملزمان کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265-K کے تحت ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کیا گیا۔ تاہم، یوسف رضا گیلانی اور TDAP کے دیگر اعلیٰ افسران کے خلاف مزید 14 مقدمات اب بھی زیرِ التوا ہیں۔

عدالت میں استغاثہ کی کمزوری، اہم گواہوں کی عدم دستیابی، اور اس وقت کے چیئرمین ACAAP محمد فردوس کی عدم پیشی کی بنیاد پر یہ فیصلے سامنے آئے، حالانکہ محمد فردوس نے دفعہ 164 کے تحت ایک تحریری بیان میں TDAP کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ سابق وفاقی وزیرِ تجارت مخدوم امین فہیم کا بھی نام لیا تھا۔