پیپلزپارٹی کا سوات واقعہ پر علی امین گنڈاپور سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

خیبر پختونخوا پر 13سال سے غیر سنجیدہ حکومت مسلط ،باجوڑ میں شہری مر رہے وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ لاہور میں مزے کر رہے ہیں،رہنمائوں کی پریس کانفرنس

پیر 14 جولائی 2025 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے سوات واقعہ پر وزیرعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل ہمایوں خان ، صوبہ خیبر پختونخوا کے پارٹی کے صدر محمد علی شاہ باچا اور جنرل سیکرٹری شازی خان نے سنٹر سیکرٹریٹ اسلام آباد م میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوات واقعہ پر کے پی کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

ہمایوں خان نے کہاکہ دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا اور پیپلزپارٹی نے سانحہ سوات پر اپنے افسوس کا اظہار اور مذمت کی تھی۔انہوںنے کہاکہ گورنر پنجاب چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور خیبرپختونخوا نے سوات واقعہ میں مرنے والے سیاحوں کے گھر گئے تھے،گورنر کے پی نے سوات واقعے میں سیاحوں کو بچانے کی کوشش کرنے والوں کیلئے انعام اور عمرہ ٹکٹ کا اعلان کیا تھا، سوات واقعہ کی انکوائری میں ریسکیو اہلکاروں اور ضلعی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے،2010کے سیلاب میں پی پی کی صوبائی حکومت نے ہیلی کاپٹر بھجوائے تھے تاکہ لوگوں کو ریسکیو کیا جا سکے، سوات واقعہ کے ذمہ دار انتظامیہ سے بڑھ کر صوبائی انتظامیہ ہے،اخلاقی طور پر خیبرپختونخوا حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہیے ریسکیو 1122میں سفارشی بھرتی کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جنگلات کی بدترین کٹائی جا رہی ہے، خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا کا راج ہے، پچھلے بارہ سال سے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن اس کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے،بد قسمتی سے پچھلے بارہ سال سے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت چلی آ رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہلال احمر خیبرپختونخوا نے سوات کیلئے دو ایمبولینس کا عطیہ دیا ہے،مالا کنڈ ڈویڑن میں مون سون کے دوران سیلاب کا خدشہ رہتا ہے ۔

محمد علی شاہ باچا نے کہاکہ خیبر پختونخوا پر 13سال سے غیر سنجیدہ حکومت مسلط ہے،سانحہ سوات کے ذمہ دار سوات کی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ڈیپارٹمنٹ ہے، سوات واقعہ کی ذمہ داری ٹوور ازم ڈیپارٹمنٹ، وزارت آبپاشی پر بھی عائد ہوتی ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو فوری طور پر عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں شہری مر رہے وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ لاہور میں مزے کر رہے ہیں۔