غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 100 فلسطینی شہید

مشرقی غزہ کے الشجاعیہ علاقے میں اسرائیلی فوج نے ایک بارودی روبوٹ بھی استعمال کیا ،غیرملکی میڈیا

منگل 15 جولائی 2025 23:33

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں شہادتوں کی تعداد بڑھ کر 100 ہو گئی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق غزہ کی پٹی میں طبی عملے نے منگل کو بتایا کہ پیر کو فجر سے اب تک جاری اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 100 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔رفح میں اسرائیلی فوج کی جانب سے امدادی سامان کی تقسیم کے مقام الشاکوش کے قریب فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور نو زخمی ہوگئے۔

علاوہ ازیں، شمالی وسطی غزہ میں النصیرات کیمپ کے قریب پانی بھرنے والی ایک گاڑی پر میزائل حملہ کیا گیا، جس سے ایک شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ جنوبی علاقوں پر مختلف حملوں میں سات فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ خان یونس کے مشرقی علاقے سے 3 لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح غزہ شہر کے مشرقی علاقے پر حملے میں چار افراد شہیداور دیگر زخمی ہوئے۔

مشرقی غزہ کے الشجاعیہ علاقے میں اسرائیلی فوج نے ایک بارودی روبوٹ بھی استعمال کیا ہے،یہ بڑے پیمانے پر حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ دوحہ میں قطر، مصر اور امریکا کی شرکت سے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہو چکے ہیں، جن کا مقصد جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر معاہدہ کرنا ہے۔