انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا

ْاوپن مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ کمزور رہا جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ بڑھکر 288روپے کی سطح پر آگئے

منگل 15 جولائی 2025 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)مختلف عوامل کے باعث منگل کو انٹربینک میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ کمزور رہا۔پاکستان کی اقتصادی ٹیم کی موڈیز حکام کے ساتھ مثبت اجلاس کے بعد پاکستان کی ریٹنگ ممکنہ طور پر مزید بہتر ہونے کی توقعات، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت دوبارہ نصف فیصد گھٹنے اور پاکستان روس کے درمیان دفاعی اور توانائی کے شعبوں میں سرگرمیاں بڑھانے کی پیشرفت جیسے عوامل سے انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

تاہم اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ کمزور رہا جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ بڑھکر 288روپے کی سطح پر آگئے۔آنے والے مہینوں میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی آمد بڑھنے اور مثبت معاشی اشاریوں کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 24پیسے کی کمی سے 284روپے 47پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 05پیسے کی کمی سے 284روپے 66پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں آنے والے مہینوں میں ڈالر کی قدر 300روپے سے متجاوز ہونے کی افواہوں کے باعث ڈالر کے طلبگاروں کی ڈیمانڈ بڑھنے سے ڈالر کی قدر 36پیسے کے اضافے سے 288روپے کی سطح پر بند ہوئی۔