وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ڈی آئی خان میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت

بدھ 16 جولائی 2025 13:39

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  کا  ڈی آئی  خان میں   فتنۃ الہندوستان کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں یادگاری چوکی کے قریب فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پولیس کے جری جوانوں پر فخر ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنۃ الہندوستان کے حملہ آور دہشتگردوں کے خلاف بروقت کارروائی پر خیبر پختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان کے دہشتگرد کو جہنم واصل کرنے پر خیبر پختونخوا کے پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کا فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃالہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو امن کی فضا سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے۔