گورنر خیبرپختونخوا سے سید اخونزادہ چٹان اور پیپلز پارٹی کے دیگر راہنمائوں کی ملاقاتیں

بدھ 16 جولائی 2025 15:14

گورنر خیبرپختونخوا  سے  سید اخونزادہ چٹان اور پیپلز پارٹی کے دیگر راہنمائوں ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید اخونزادہ چٹان ،ضلعی صدر باجوڑ شیر بہادر اور پیپلز پارٹی کے دیگر راہنمائوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ گورنر ہاوس پشاور سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی باتوں نے صوبائی حکومت کو پریشان کردیا ہے انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال ابتر ہے ، صوبائی حکومت نے صوبہ دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی کا موقف اب تمام صوبہ تسلیم کررہا ہے ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبر فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی لوئر دیر کے راہنما سابق صوبائی وزیر نوابزادہ محمود زیب خان اور ان کے فرزند نوابزادہ ڈاکٹر عباس زیب خان نے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی معاملات اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں سینیٹ کے حالیہ انتخابات کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد اور ممبران اسمبلی سے جاری رابطوں پر بھی غوروغوض کیا گیا۔

گورنر سے پاکستان پیپلز پارٹی علاقہ دامان کے راہنما ملک آصف بلال پوٹہ ایڈووکیٹ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان خصوصا علاقہ دامان کے عوام کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ چشمہ لیفٹ کینال صوبہ کی ترقی کا اہم منصوبہ ہے جو ڈیرہ اسماعیل خان اور بالخصوص علاقہ دامان کے باسیوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال منصوبہ کا جلد افتتاح کردیا جائے گا ۔ملاقات میں نادرا ، محکمہ پاسپورٹ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق مسائل اور اس حوالہ سے سہولیات کی فراہمی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔