پی ٹی آئی کو تحریک کی بجائے مذاکرات کی طرف آنا چاہئے‘رانا جمیل منج

معاملات توڑ پھوڑ یا سڑکوں پر حل نہیں ہوتے، ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے سب کو مل کر چلنا ہے

بدھ 16 جولائی 2025 15:35

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ معاملات توڑ پھوڑ یا سڑکوں پر حل نہیں ہوتے، پی ٹی آئی کو تحریک کی بجائے مذاکرات کی طرف آنا چاہئے،ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لئے سب کو مل کر چلنا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔

ملکی موجودہ صوتحال میں وزیر اعلی کے پی کے پر اپنے صوبے میں امن وامان کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

سیاست اپنی جگہ ، تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی سیاست ضرورکریں لیکن پہلے ملکی استحکام کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے۔رانا جمیل منج نے کہا کہ دنیا میں بڑے بڑے لیڈر گزرے ہیں ، انہوں نے بھی جو کامیابی حاصل کی ہے وہ صرف مذاکرات کی میز پر ہی ممکن ہوئی ہیں۔ انہوں نے تاجروں کے مسائل بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کاروباری افراد کے ہر ممکن مسائل کے حل کو ملکی ترقی کی کنجی سمجھتی ہے، ملکی معیشت کو آگے لے جانے کا واحد حل یہی ہے کہ ہم اپنے کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کریں۔