باکو اوراسلام آباد میں رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کی آذربائیجان کے نائب وزیر معیشت صمد بشرلی سے ملاقات

بدھ 16 جولائی 2025 19:58

باکو اوراسلام آباد میں رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیرمواصلات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) آذربائیجان کے نائب وزیر معیشت صمد بشرلی نے پاکستان کے دورے کے پہلے روز وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے ملک کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ اور قریبی تعلقات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، پاک بھارت حالیہ جنگ میں آذربائیجان نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور وہ ہر قسم کے حالات میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ باکو اور اسلام آباد میں باہمی رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور بالخصوص کاروباری روابط کو فروغ دینے سے دونوں ممالک کی قربت مزید بڑھے گی۔

(جاری ہے)

اپنے دورہ آذربائیجان کا حوالہ دیتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہیں باکو میں اس امرپر خوشگوار حیر ت ہوئی کہ وہاں گفٹ شاپس پر آذربائیجان کے علاوہ ترکیہ اور پاکستان کے قومی پرچم بھی بطور "سووینیئر" رکھے ہوئے تھے۔

اسی طرح پاکستان میں بھی آذربائیجان کے لوگ ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں جس کا اظہار عوامی جلسوں میں پاکستان کے شہری آذربائیجان، ترکیہ اور چین کے پرچم لہرا کر کرتے ہیں۔ آذربائیجان کے نائب وزیر برائے معیشت صمد بشرلی نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا جبکہ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور دو طرفہ ٹریڈ کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کو باہمی تجارت میں مزید اضافہ کرنا ہے جس کے لئے اسلام آباد میں پاک -آذربائیجان چیمبر آف کامرس پہلے ہی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔