Live Updates

پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری، جہلم اور چکوال میں تباہی درجنوں دیہات زیر آب، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری، ایمرجنسی نافذ

ریلے میں پھنسے 40 افراد کو ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کر لیا گیا، چکوال،چکلالہ، بوکرا اور گولڑہ میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے غیر ضروری باہر نہ نکلنے کی اپیل کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 جولائی 2025 10:52

پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری، جہلم اور چکوال میں تباہی ..
جہلم،چکوال(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی 2025)پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کا جاری، جہلم اور چکوال میں تباہی درجنوں دیہات زیر آب، پاک فوج طلب ایمرجنسی نافذ، پنجاب میں مون سون بارشوں کا زور برقرار ہے، مون سون کی طوفانی بارش نے جہلم اور چکوال میں تباہی مچا دی، درجنوں دیہات زیر آب گئے، ریلے میں پھنسے 40 افراد کو ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کر لیا گیا۔

شدید بارشوں کے باعث سیلابی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔چکلالہ، بوکرا اور گولڑہ میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔دیگر متاثرہ افراد کو لائف جیکٹس مہیا کر دی گئی ہیں اور ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ رجروڑ نکہ خاص میں بھی درجنوں لوگ پھنسے ہوئے ہیں، نالہ پنہاں بپھر چکا ہے۔

(جاری ہے)

چکوال میں موسلادھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث شہر میں سیلابی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر پاک فوج کی بھی مدد لی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق چکوال میں ریکارڈ بارش کلاؤڈ برسٹ کے باعث ہوئی۔ چکوال میں 423 ملی میٹر بارش ہوئی، کلر کہار، وہالی زیر میں 325 اور چو آسیدن شاہ میں 310 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

چکوال کے نواحی علاقے کھیوال میں مکان کی چھت گر نے سے ایک شخص اور ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ میں جاں بحق شخص کی اہلیہ اور ایک بیٹی زخمی ہے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر پاک فوج کی بھی مدد لی جائے گی۔چکوال میں ڈھوک مستانی، پادشہان اور دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے جس کی وجہ سے پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا اور شہریوں کی جانب سے نقل مکانی کا عمل جاری ہے، ریسکیو حکام کے مطابق عملہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلال بن حفیظ نے کہا ہے کہ کلاؤڈ بلاسٹ کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی۔ ضلع بھر میں 370 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سول انتطامیہ شہریوں کو ریسکیو کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے سپیشل فورسز کا تعاون ناگزیر ہے۔پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے ملک بھر میں حالیہ بارش کا ریکارڈ جاری کر دیا جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش چکوال میں ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب لاہور، فیصل آباد، جہلم، سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے 28 افراد جاں بحق اور 90 زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 12 افراد کا تعلق لاہور، 8 کا فیصل آباد، 3 کا شیخوپورہ اور 2 کا تعلق اوکاڑہ سے ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، واسا، میونسپل اداروں اور ریسکیو 1122 کو ہدایت کی ہے کہ وہ میدان میں متحرک رہیں۔

خاص طور پر نشیبی علاقوں میں سیلابی خطرات اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تیاری مکمل رکھیں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا مقامی انتظامیہ کو اطلاع دیں۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات