Live Updates

ملزغیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے کی دھمکی، ملک بھر میں گھی کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا

ایف بی آر کی جانب سے گھی ملوں میں اہلکاروں کی تعیناتی نے انڈسٹری کو شدید دباؤ کا شکار کر دیا، اس سے کاروباری ماحول میں خوف کی فضا قائم ہوچکی؛ پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جولائی 2025 14:08

ملزغیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے کی دھمکی، ملک بھر میں گھی کی قلت کا خدشہ ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) ایسوسی ایشن کی جانب سے ملزغیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے کی دھمکی کے باعث ملک بھر میں گھی کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ اعلام سامنے آیا ہے کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملک بھر کی گھی ملز جمعہ کے بعد غیرمعینہ مدت کے لیے بند کر دی جائیں گی، گھی اور کوکنگ آئل کے شعبے میں کسی بھی تعطل کی صورت میں نا صرف مہنگائی میں اضافہ ہوگا بلکہ سپلائی چین بھی متاثر ہوگی جس کے اثرات براہ راست عام صارفین تک پہنچیں گے۔

اس حوالے سے ایسوسی ایشن کے صدر شیخ عمر ریحان کا کہنا ہے کہ یہ ہڑتال محض ایک دن کی نہیں بلکہ غیرمعینہ مدت کی ہوگی اور اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ملک بھر میں گھی اور آئل کی سپلائی مکمل طور پر بند کر دی جائے گی کیوں کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے گھی ملوں میں اہلکاروں کی تعیناتی نے انڈسٹری کو شدید دباؤ کا شکار کر دیا ہے، اس سے کاروباری ماحول میں خوف کی فضا قائم ہوچکی ہے، حکومت کی جانب سے 37 اے، ڈیجیٹل انوائسز اور بینکوں کے ذریعے 2 لاکھ روپے سے زائد لین دین کی لازمی شرائط انڈسٹری کیلئے ناقابل قبول ہیں، حکومت فوری طور پر ان شرائط کو واپس لے اور کاروبار دوست پالیسی اپنائے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی مدت میں توسیع کے لئے چیئرمین ایف بی آر کو خط ارسال کر دیا، اپریل، مئی ،جون کے سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ 31 جولائی تک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ آئرس سسٹم میں تکنیکی خرابیوں کے باعث ریٹرن فائل کرنے میں مشکلات ہیں، او ٹی پی کوڈ سکیننگ خراب ہونے سے ٹیکس دہندگان کو مشکلات کا سامنا رہا۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ خریداری، فروخت اور اسٹاک کی مکمل معلومات فراہم میں غلطیوں اور سسٹم کی سست رفتار سے ریٹرن جمع کرانا مشکل ہو گیا، واپسی کی آخری تاریخ کے قریب آئرس سسٹم بار بار ڈاؤن ہورہا ہے جس سے صارفین لاگ آؤ ٹ ہورہے ہیں، ٹیکس دہندگان کو جرمانہ نہ کیا جائے کیوں کہ تکنیکی خرابیوں نے پورے ملک کے ٹیکس دہندگان کو متاثر کیا، توسیع سے مسائل حل کرنے کے لئے ایف بی آر کو بھی مزید وقت ملے گا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات