پاک فوج کےشہید میجر ربنواز گیلانی کی نماز جنازہ کے ایچ خورشید گراؤنڈ مظفرآباد میں اداکر دی گئی، وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارلحق نے شرکت کی

جمعرات 17 جولائی 2025 20:22

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے بلوچستان کے علاقے آوران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف مردانہ وار مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر رب نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ میجر رب نواز شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی شہر مظفر آباد کے خورشید حسن خورشید گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ، وزرائے حکومت دیوان علی خان چغتائی ، سردار جاوید ایوب ، سید بازل نقوی ، چوہدری محمد رشیدسمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے میجر رب نواز شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے میجر رب نواز شہید کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر رب نواز شہید پر پوری قوم کو فخر ہے ،شہید کو وطن کے لیے جان قربان کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی انسداد دہشتگردی کے لیے لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔