اجرک والی نمبر پلیٹ کسی صورت قبول نہیں،آفاق احمد

حکومتی ہٹ دھرمی کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کریں گے،چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ

جمعرات 17 جولائی 2025 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ اجرک والی نمبر پلیٹ کسی صورت قبول نہیں، سندھ حکومت ہٹ دھرمی سے باز آئے اور مہاجر عوام پر زبردستی اجرک تھوپنا بند کرے۔ آفاق احمد نے کہا کہ سندھ حکومت اگر ٹریفک نظام کی بہتری چاہتی ہے تو سب سے پہلے سڑکوں کی مرمت اور ہیوی ٹریفک کے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کروائے، نمبر پلیٹ اور ہیلمٹ کی بنیاد پر لوگوں کے چالان اور ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہونا چاہئے۔

آفاق احمد نے کہا کہ اجرک مہاجر قوم کا کلچر نہیں، جس طرح کسی سندھی کو زبردستی شیروانی یا جناح کیپ نہیں پہنائی جاسکتی اسی طرح کسی مہاجر کو اجرک اپنانے پر بھی مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں صرف 10فیصد سندھی جبکہ 90فیصد غیر سندھی ہیں،اقلیت کی جانب سے اکثریت پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش دیہی و شہری تقسیم کا سبب بنے گی اور یہ ہوتا مجھے نظر آرہا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ موٹرسائیکل کی خریداری کے وقت نمبر پلیٹ کے پیسے لئے جاتے ہیں جو لائف ٹائم ہوتے ہیں اس لئے نئی نمبر پلیٹ کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے، شہریوں سے اس سلسلے میں آئندہ رقم نہ لی جائے اور جن سے لی گئی ہے واپس کی جائے اسکے علاوہ موٹر سائیکل سواروں کو ہراساں کرنا بند اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس 50لاکھ روپے کی مالی مدد دی جائے، اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو پھراپنے لائحہ عمل کا جلداعلان کریں گے۔