جے یو آئی کو صوبائی اسمبلی میں ایک اضافی مخصوص اقلیتی نشست جبکہ اے این پی کو خواتین کی مخصوص نشست مل گئی

جمعرات 17 جولائی 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کو صوبائی اسمبلی میں ایک اضافی مخصوص اقلیتی نشست جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو خواتین کی مخصوص نشست مل گئی۔ صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے دفتر میں مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی پاکستان کے مابین مخصوص اقلیتی نشست اور ایک خاتون کی مخصوص نشست پر اے این پی اور پی ٹی آئی پی کے مابین الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں قرعہ اندازی کا عمل طے تھا. مسلم لیگ (ن) کی قیادت صوبائی صدر امیر مقام اور جے یو آئی کے صوبائی صدر مولانا عطاء الرحمان اپنے اپنے وفود کے ہمراہ بشمول نامزد اقلیتی امیدواران گور سرن لال اور گور پال سنگھ پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے وفد نے جے یو آئی کے امیدوار کے حق میں تحریری طور پر دستبرداری کا اعلان کیا جس سے جے یو آئی کو صوبائی اسمبلی میں ایک اضافی مخصوص اقلیتی نشست مل گئی۔ اسی طرح خواتین کی مخصوص نشست کےلئے اے این پی اور پی ٹی آئی پی کے مابین قرعہ اندازی کی گئی۔ اے این پی کے وفد کی قیادت نثار باز اور پی ٹی آئی پی کے وفد کی قیادت ارباب وسیم حیات نے کی۔ اے این پی کی امیدوار شاہدہ وحید اور پی ٹی آئی پی کی امیدوار ثومی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ قرعہ اندازی کے مطابق اے این پی کی امیدوار شاہدہ وحید کامیاب قرار پائی۔ دونوں امیدواروں کی کامیابی کا باقاعدہ اعلامیہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔