گورنر سندھ کی شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت، دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم

جمعہ 18 جولائی 2025 18:33

گورنر سندھ کی شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت، دشمن کو منہ توڑ جواب دینے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کوئٹہ بس میں دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے والے معروف قوال احمد اور دیگر شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی سینئر رہنما انیس قائم خانی اور اراکینِ اسمبلی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کا مقصد ملک میں انتشار پیدا کرنا ہے، لیکن پاکستانی قوم متحد ہے اور دشمن کی سازشیں ہمارے اتحاد کو توڑ نہیں سکتیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 10 مئی کو قوم نے افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اور آئندہ بھی "را" اور اس کے سہولت کاروں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔