وزارتِ مذہبی امور نے زائرین کے تحفظ اور سہولت کے لئے جدید آن لائن سسٹم متعارف کرا دیا ہے ، سردار محمد یوسف

جمعہ 18 جولائی 2025 19:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزارتِ مذہبی امور نے زائرین کے تحفظ اور سہولت کے لئے ایک جدید آن لائن سسٹم متعارف کرا دیا ہے جہاں زائر اور گروپ آرگنائزر کو QR کوڈ والا ای-کارڈ جاری کیا جا رہا ہے، اس اقدام سے اہلِخانہ اور حکومت کو ہر مسافر اور زائر کی فوری معلومات میسر آئیں گی۔

جمعہ کو وزارت مذہبی امور کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران، عراق اور شام کے حکام کے ساتھ مسافروں اور زائرین کی فہرستیں بروقت شیئر ہوں گی، اس اقدام سے کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا پروپیگنڈا کی گنجائش ختم ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ تمام ٹور آپریٹرز اور زائرین سے اپیل ہے کہ 31 اگست 2025 تک اپنی تفصیلات ہمارے پورٹل پر درج کریں تاکہ کسی بھی شہری کا نام “نامکمل فہرست” میں نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہر پاکستانی کے سفر کو محفوظ بنانا ہے، بے بنیاد قیاس آرائیاں روکنے اور غلط تاثر زائل کرنے کے لئے میڈیا اور سول سوسائٹی سے بھی تعاون کی درخواست ہے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کی فلاح کو اولین ترجیح دیتی ہے، آئیں ،مل کر اس ڈیجیٹل نظام کو کامیاب بنائیں، آئیں، دنیا کو یہ باور کرائیں کہ ریکارڈ شفاف ہے اور پاکستان ذمہ دارانہ نگرانی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میری گفتگو میں “40ہزار” زائرین کا جو حوالہ دیا گیا اس کا مقصد ہرگز یہ تاثر دینا نہیں تھا کہ ہزاروں پاکستانی بیرونِ ملک لاپتہ ہیں، اصل معاملہ یہ ہے کہ پرانے کاغذی ریکارڈ اب تک ہماری مرکزی ڈیجیٹل رجسٹری میں مکمل طور پر منتقل نہیں ہو سکے۔