پاکستان اور ازبکستان کا توانائی کے شعبے میں تعاون اور ترقی کی جانب اہم قدم

جمعہ 18 جولائی 2025 21:33

پاکستان اور ازبکستان کا توانائی کے شعبے میں تعاون اور ترقی کی جانب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء)پاکستان اور ازبکستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے تاشقند کے کامیاب دورے کے دوران دونوں ممالک کے اقتصادی اور توانائی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ پاکستان اور ازبکستان کی دو طرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا آغاز کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے تعلقات خاص طور پر توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے لیے نئے امکانات کی نشاندہی کی۔ وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم، علی پرویز ملک کی ازبکستان کے سفیر علی شیر توختایف سے ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں تعاون پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

علی شیر توختایف نے پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے ازبکستان میں مشترکہ ایکسپلوریشن وینچرز اور تکنیکی تربیتی پروگراموں کے اہم مواقع کی بھی نشاندہی کی۔

دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو سامنے رکھتے ہوئے ایس آئی ایف سی کی معاونت سے خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا تاکہ مشترکہ تلاش اور تحقیق میں شراکت داری کو مزید تقویت دی جا سکے۔ یہ اقدامات پاکستان اور ازبکستان کے توانائی کے شعبے میں طویل مدتی ترقی اور تعاون کی راہیں ہموار کریں گے۔