فیلڈ مارشل سے لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ کی ملاقات، دفاعی صنعت میں تعاون پر اتفاق

جمعہ 18 جولائی 2025 23:41

فیلڈ مارشل سے لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ کی ملاقات، دفاعی صنعت میں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے ملاقات کی جس میں دفاعی صنعت میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے دفاعی صنعت میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ’ لاقات میں جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی صنعت میں تعاون اور تکنیکی مہارت کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جی ایچ کیو آمد پر لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان آرمی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کو پاک فوج کے ایک چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔