پاکستان دہشت گردی کی تمام اشکال اور اقسام کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس اور بین الاقوامی تعاون ہماری پالیسی کے بنیادی ستون ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 18 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) پاکستان دہشت گردی کی تمام اشکال اور اقسام کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس اور بین الاقوامی تعاون ہماری پالیسی کے بنیادی ستون ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف صف اول کا ملک ہے اور اس نے عالمی امن کے حصول کے لیے انسداد دہشت گردی کی کاوشوں میں غیرمعمولی کردار ادا کیا ہے جن میں ابے گیٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے علاقہ پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات تاحال غیر حتمی ہیں۔لشکر طیبہ جو کہ پاکستان میں کالعدم اور غیر فعال تنظیم ہے، سے کسی بھی قسم کا تعلق زمینی حقائق کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے متعلقہ گروہوں کو موثر انداز میں ختم کیا ہے، ان کی قیادت کو گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا ہے اور ان کے کارکنان کو غیر متشدد سوچ کی طرف راغب کیا ہے۔

ایسے میں جبکہ یہ معاملہ امریکہ کے داخلی قوانین سے متعلق ہے، بھارت بالخصوص بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں سمیت اپنے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ طرز عمل سے بین الاقوامی برادری کی توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کے لئے استعمال کرنے کا ٹریک ریکارڈ رکھتا ہے۔ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اس کے خلاف موثر اقدامات کر رہا ہے اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے غیر جانبدار اور مساوی پالیسیاں اپنائے۔ اس کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ دہشت گرد تنظیم "مجید بریگیڈ" بی ایل اے کا عکس ہے جسے باضابطہ فہرست میں شامل کیا جانا چاہیے۔