چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کی پاکستان کے جونیئر اسکواش چیمپئنز سے ملاقات

جمعہ 18 جولائی 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2025 ءمیں شاندار کارکردگی دکھانے والے پاکستان کے جونیئر کھلاڑیوں سے وزیرِ اعظم آفس میں خصوصی ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان سکواش ٹیم کے کھلاڑیوں، ان کے منیجر اور وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے نمائندگان نے شرکت کی۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق کھلاڑیوں میں نور زمان، ناصر اقبال، محمد سہیل عدنان، نعمان خان، احمد ریان خلیل، مہنور علی، عاصم خان اور سحرش علی شامل تھے ، تمام کھلاڑیوں کا تعلق پشاور سے ہے۔چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور شاندار کارکردگی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خاص طور پر عاصم خان اور سحرش علی کی تعریف کی جو اس وقت پاکستان کے نمبر 1 مرد اور خواتین سکواش کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے مہنور علی اور سحرش علی کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستان کے لئے سونے، چاندی اور کانسی کے تمغوں کا حصول یقینی بنایا۔ مزید برآں انہوں نے ناصر اقبال، محمد سہیل عدنان، نعمان خان اور احمد ریان خلیل کو گولڈ، سلور اور برونز میڈلز جیتنے پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ رانا مشہود احمد نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابیاں ملک بھر کے نوجوانوں کے لئے ایک مثال ہیں۔واضح رہے کہ ایشین جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان نے مین ایونٹ میں 2 گولڈ، 2 سلور، ایک برونز جبکہ پلیٹ ایونٹ میں 2 گولڈ میڈلز حاصل کئے۔