Live Updates

پوٹھوہار ریجن میں تقریباً 1000 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا‘ عرفان علی کاٹھیا

چکوال جہلم اور راولپنڈی میں غیر معمولی بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کی گئی‘ ڈی جی پی ڈی ایم اے

جمعہ 18 جولائی 2025 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پوٹھوہار ریجن میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی پانی میں پھنسے سینکڑوں شہریوں کو ریسکیو کیا گیا،چکوال جہلم اور راولپنڈی میں غیر معمولی بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ ریسکیو آپریشنز میں ضلعی انتظامیہ اور افواج پاکستان کے جوانوں نے حصہ لیا۔

پوٹھوہار ریجن میں تقریباً 1000 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ جہلم میں 398 شہریوں کو ریسکیو کیا گیا۔ جہلم میں 174 افراد کو ضلعی اتظامیہ اور 64 شہریوں کو افواج پاکستان نے ریسکیو کیا۔ جہلم میں 160 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

چکوال میں کلاڈ برسٹنگ کے باعث سیلابی پانی میں پھنسے 209 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

چکوال میں 182 افراد کو ضلعی انتظامیہ اور 27 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے 450 افراد کو ریسکیو کیا۔ راولپنڈی میں نالہ لئی سے 6 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے بروقت ریسکیو کو یقینی بنایا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب و ضلعی انتظامیہ کے ریسپانس کے باعث سیلابی پانی میں پھنسنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رواں سال مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کی پیشگوئی ہے۔ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہو گا۔ شہری موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات