اسرائیلی فوج نے غزہ اور اسرائیل کے درمیان اسرائیلا کے مقام پر ایک نئی دفاعی لائن بنانا شروع کردی

یتن یاہو اور حماس کسی بھی دن غزہ میں نئی جنگ بندی کا اعلان کر سکتے ہیں جس میں اسرائیلی فوج کی واپسی ہو سکتی ہے اب یہ علاقہ حماس کے کنٹرول سے باہر ہوگا.اسرائیلی فوجی ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 جولائی 2025 13:18

اسرائیلی فوج نے غزہ اور اسرائیل کے درمیان اسرائیلا کے مقام پر ایک نئی ..
تل ابیب(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 جولائی ۔2025 )اسرائیلی فوج نے غزہ اور اسرائیل کے درمیان اسرائیلا کے مقام پر ایک نئی دفاعی لائن بنانا شروع کردی ہے جس کا مقصد حماس کی جانب سے غزہ کی پٹی سے 7 اکتوبر 2023 کو کیے گئے حملے جیسی کسی بھی ممکنہ کارروائی کو روکنا ہے. اسرائیلی جریدے یروشلم پوسٹ کے مطابق یہ مقام اسرائیل کے رہائشی علاقوں کے قریب کسی بھی ممکنہ حملے کو روکنے کے لیے ایک اضافی دفاعی لائن کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے یہ دفاعی ائن بیت حانون، بیت لاہیا، جبالیا کی چوٹیوں اور غزہ شہر کے درمیان اسٹریٹیجک اثاثے کے طور پر بنائی جارہی ہے.

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی969 ویں بٹالین کے ایک کمانڈر نے بتایا ہے کہ انہیں امید ہے کہ دفاعی لائن بٹالین کو مستقبل میں اس مقام کو برقرار رکھنے میں مدد دے گی نئے مقام پر کئی فوجیوں نے بتایا کہ انہیں معلوم ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو اور حماس کسی بھی دن غزہ میں نئی جنگ بندی کا اعلان کر سکتے ہیں جس میں اسرائیلی فوج کی غیر متوقع واپسی بھی شامل ہو سکتی ہے اوریہ ان کے کنٹرول سے باہر ہوگا.

یروشلم پوسٹ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مارچ 2024 میں اعلان کیا تھا کہ اس نے خان یونس میں تین ماہ کی لڑائی کے بعد حماس کی 85 فیصد سٹریٹیجک سرنگیں تباہ کر دی ہیں فوجی ذرائع نے یہ بھی کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حماس کی تمام یا زیادہ تر سٹریٹیجک سرنگیں جن میں ہتھیاروں کی فیکٹریاں، اعلیٰ قیادت، انٹیلی جنس اور مواصلاتی مراکز تباہ ہو چکے ہیں ان دنوں بیت حانون یا بیت لاہیا میں جو زیادہ تر سرنگیں مل رہی ہیں اور تباہ کی جا رہی ہیں وہ چھوٹی سرنگیں ہیں جو نقل و حرکت کے لیے استعمال ہوتی ہیں.

واضح رہے دوحہ میں 6 جولائی سے مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں تاکہ غزہ میں تیسری جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچا جا سکے پہلی جنگ بندی نومبر 2023 میں اور دوسری جنوری 2025 میں ہوئی تھی.