صدر ،وزیر اعظم کا حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کی عزم وہمت اور بہادری کو خراج تحسین

ہفتہ 19 جولائی 2025 15:59

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کی عزم وہمت اور بہادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، اس دن سری نگر میں الحاق پاکستان کی تاریخی قرارداد منظور کی گئی جو کشمیری قیادت اور عوام کی اجتماعی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔

صدر نے کہا کہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کی جڑیں جغرافیائی، نظریاتی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں سے جڑی ہوئی ہیں،بھارت کا کشمیر کے ساتھ کوئی تاریخی تعلق نہیں ہے اور اس نے کشمیریوں کا پیدائشی حق، حق خودارادیت گزشتہ کئی دہائیوں سے فوجی طاقت کے بل پر سلب کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہر کشمیری کی رگ رگ میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں، امنگوں اور آرزئوں کا مرکز ہے۔انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے حقیقی قومی ہیرو ہیں۔دریں اثناء آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کو ان کی جائز منزل کے حصول سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔ آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اورمسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیریوں نے قیام پاکستان سے پہلے ہی 19جولائی کی قرار داد کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر لیا تھا ۔