پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

ہفتہ 19 جولائی 2025 16:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔ یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغام میں انجینئر امیر مقام نے کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے تاریخی فیصلے کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 19 جولائی 1947 کا دن ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک فیصلہ کن موڑ تھا جب ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا گیا جو مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی وابستگیوں پر مبنی تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تین جنگیں لڑنے کے باوجود ہمیشہ جموں و کشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کےلیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے اصولی مؤقف کو برقرار رکھا ۔

انجینئر امیر مقام نے جموں و کشمیر پر دہائیوں سے جاری بھارتی فوجی قبضے کی شدید مذمت کی اور اسے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں نے کشمیریوں کے جذبے کو کمزور نہیں کیا بلکہ ان کے اس عزم کو مزید مضبوط کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی ان کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حقِ خودارادیت کے حصول تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔ان کا کہنا تھا اس تاریخی دن کے موقع پر ہم کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کبھی ان کے کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔\932