سندھ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث 5ملزمان گرفتار

ہفتہ 19 جولائی 2025 20:29

سندھ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) پاکستان رینجرز (سندھ)کی جانب سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے آپریشن کا سلسلہ جاری۔ پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے منزل پمپ اور صاحب داد گوٹھ سے دوران اسنیپ چیکنگ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، لینڈ گریبنگ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث5 ملزمان محمد ہمایوں خان، حمزہ، ذیشان عرف شانی کباڑیہ، انس عرف انو اور سمیر کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 عدد موبائل فون،ایک عدد 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن، ایک عدد 32 بور ریوالور، ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن، 2 عدد موٹر سائیکلیں اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان نے یکم جولائی 2025 کو سعود آباد سی ایریا میں ایک ڈکیتی کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف تھانہ سعود آباد اور ماڈل کالونی میں ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے 26 جون 2025 کو محمدی کالونی میں چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی تھی لیکن ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔جبکہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پرپاکستان رینجرز (سندھ) نے ملیر کے علاقے کھوکھرا پار میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم انس عرف انو کو گرفتار کر کے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

گرفتار ملزم درج بالا ملزمان کا ساتھی ہے اور ملزم کے خلاف بھی ایف آئی آر درج ہے۔ گرفتار ملزمان کوبمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور مسروقہ سا مان مز ید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔