حیدرآباد، خراب ٹرانسفارمر کی عدم تبدیلی پر مکینوں کا احتجاج، ایم کیو ایم کے سیکٹر آفس کے باہر دھرنا

ایم کیو ایم کے ممبر اسٹیڈنگ کمیٹی برائے پاور ڈویژن وسیم حسین بھی عوامی مسائل سے لاتعلق ہو چکے ہیں، مظاہرین

اتوار 20 جولائی 2025 12:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)لطیف آباد یونٹ نمبر 11 کی شاہ نجف کالونی میں گزشتہ 15 روز سے خراب بجلی کے ٹرانسفارمر کی مرمت یا تبدیلی نہ ہونے پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔مشتعل مظاہرین جن میں مرد و خواتین شامل تھے نے ایم کیو ایم کے سیکٹر آفس کے باہر دھرنا دیا اور حکومت و متعلقہ حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث نہ صرف بجلی کی فراہمی بند ہے بلکہ پانی کا بحران بھی پیدا ہو چکا ہے، جس کے سبب علاقہ مکین شدید گرمی میں سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں مبینہ طور پر ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے بعض افراد پیسے لے کر بجلی چوری کرواتے ہیں جبکہ عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔مظاہرین نے ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین اور گورنر سندھ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ممبر اسٹیڈنگ کمیٹی برائے پاور ڈویژن وسیم حسین بھی عوامی مسائل سے لاتعلق ہو چکے ہیں اور تاحال منظر عام پر نہیں آئے۔