بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،نوابزادہ جمال رئیسانی

اتوار 20 جولائی 2025 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اوررکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کوئٹہ کے علاقے جبلِ نور میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں میجر محمد انور کاکڑ کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے شہید میجرمحمدانورکاکڑکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر انور کاکڑ نہ صرف ایک پیشہ ور سپاہی تھے بلکہ ایک دلیر، باوقار اور جانثار افسر بھی تھے جنہوں نے 2019 میں گوادر پی سی ہوٹل پر حملے کے دوران دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور درجنوں غیر ملکی مہمانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے،بلوچستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے شہید میجر انور کاکڑ کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔