بی جے پی حکومت نے کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق اورآزادیوں سے محروم کر رکھا ہے، عالمی برادری نوٹس لے،حریت کانفرنس

پیر 21 جولائی 2025 12:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کو تمام بنیادی اور آئینی حقوق اور آزادیوں سے محروم کررکھاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی حکومت کشمیریوں کو ڈرانے اور دھمکانے کے لیے اپنی فوج، پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے، تاہم کشمیری اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت کشمیریوں کو اجتماع کرنے اور اپنی بات کہنے کی بھی اجازت نہیں دے رہی ، میڈیا پر پابندیاں عائد جبکہ صحافیوں کو بغیر کسی وجہ کے ہراساں کیا جارہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ، وی ایچ پی اور بجرنگ دل جیسی ہندوتوا سے متاثرہ فرقہ وارانہ تنظیمیں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کے لوگوں پر اپنا ہندوتوا ایجنڈا مسلط کر رہی ہیں۔حریت ترجمان نے کہا کہ بندوق کی نوک پر کبھی بھی لوگوں کی امنگوں کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں منوج سنہا کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کی طرف سے مسلط کیے جانے والے ہندوتوا فسطائیت سے کشمیریوں کو بچانے کے لیے آگے آئے۔