سینیٹ الیکشن، مراد سعید سمیت تحریک انصاف کے 6 سینیٹرز کامیاب

خیبرپختونخواہ میں 11 نشستوں پر ہونے والے سینیٹ کے الیکشن کے غیر سرکاری نتائج کے بعد تحریک انصاف سینیٹ میں دوسری بڑی جماعت بن گئی

muhammad ali محمد علی پیر 21 جولائی 2025 19:30

سینیٹ الیکشن، مراد سعید سمیت تحریک انصاف کے 6 سینیٹرز کامیاب
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2025ء) سینیٹ الیکشن، مراد سعید سمیت تحریک انصاف کے 6 سینیٹرز کامیاب، خیبرپختونخواہ میں 11 نشستوں پر ہونے والے سینیٹ کے الیکشن کے غیر سرکاری نتائج کے بعد تحریک انصاف سینیٹ میں دوسری بڑی جماعت بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر الیکشن کے نتائج سامنے آ گئے، تحریک انصاف کو 6 جبکہ اپوزیشن کو 5 نشستوں پر فتح حاصل ہوئی۔

ابتدائی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد، اور جنرل نشست پر طلحہ محمود کامیاب قرار پائے۔ خواتین کی نشست پر آزاد امیدوار روبینہ ناز جب کے جنرل نشستوں پر آزاد امیدوار مراد سعید ، فیصل جاوید ، نورالحق قادی ، مرزا آفریدی اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح جے یو آئی ف کی جنرل نشست پر عطاء الحق درویش اور ٹیکنو کریٹ کی نشست پردلاور خان کامیاب قرار پائے۔

مسلم لیگ ن کے نیاز احمد بھی کامیاب ہو کر سینیٹرز منتحب ہو گئے۔ سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے 145 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، آخری ووٹ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسمبلی علی امین گنڈا پور کا کاسٹ ہوا،دن بھر پولنگ کا عمل سست مگر پرامن طور پر جاری رہا،الیکشن کے لیے کے پی اسمبلی کے جرگہ ہال کو الیکشن روم مقرر کیا گیا تھا اور سینیٹ الیکشن کے لیے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

سینیٹ الیکشن کے بعد ایوان بالا میں حکمران اتحاد کو دو تہائی اکثریت حاصل ہو گئی۔ موجودہ سینیٹ الیکشن کے نتائج کے اعلان کے بعد پیپلزپارٹی 26، مسلم لیگ ن20، آزاد امیدوار6 ، بی اے پی 4، ایم کیوایم اور اے این پی کے 3،3سینیٹرز منتخب ہو چکے ہیں۔ اسی طرح پیپلزپارٹی 26سینیٹرز کے ساتھ ایوان بالا میں سے بڑی جماعت بن کر اُبھری ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف سینیٹ میں دوسری بڑی پارلیمانی جماعت بن گئی۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کو 16 سینیٹرز کے علاوہ مزید 6آزاد سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے، یوں ان کے پاس سینیٹرز کی مجموعی تعداد 22 ہے۔ دوسری جانب ن لیگ 20 سینیٹرز کے ساتھ ایوان بالا میں تیسری پڑی پارلیمانی جماعت ہے جب کہ جے یو آئی کے پاس سینیٹرز کی تعداد سات ہے۔