پولیس ملازمین کے مطالبات جائز،بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، چودھری پرویزاشرف

پیر 21 جولائی 2025 22:45

برنالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)سابق قائم مقام وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے مطالبات جائز ہیں، پولیس جمعیت کے مطالبات سنیے جائیں، پولیس ملازمین سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ریٹائرڈ پولیس ملازمین کی پنشنز میں بھی اضافہ ہونا چاہیے، پولیس جمعیت کے مطالبات، رسک اور راشن الاؤنس محکمہ پولیس کے ملازمین کا بنیادی حق ہے، پولیس کی انگنت قربانیوں کی وجہ سے ہی معاشرے میں دیر پا امن قائم ہے، پولیس فورس کی تنخواہوں اور مراعات کو وفاق کے برابر ہونا چاہیے، معاشرے کی اقدار میں کوئی شودر اور کوئی برہمن نہیں ہونا چاہیے، اگر دیگر اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات موجود ہیں تو پولیس فورس کے جوانوں کی محرومیوں کا ازالہ بھی کرنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

سابق قائم مقام وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پولیس فورس کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف کھڑے ہیں، پولیس جمعیت پولیس فورس کے حقوق کے لیے کھڑی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کا تحفظ کیا، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، حکومت پولیس ملازمین کے داد رسی کرنے میں ناکام ہوچکی ہے حکومت کی عوام دشمن پالیسیز ختم ہونی چاہیں، پیپلز پارٹی مزدور، کسان اور عام آدمی کی جماعت ہے، آمدہ الیکشن میں فتح کے ساتھ پولیس فورس سمیت دیگر ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، انھوں نے کہا کہ حکومت پولیس فورس کے مطالبات کو فوری پورا کرے اور پولیس فورس کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے محرومیوں کا ازالہ کرے۔